نئی دہلی، 14 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج یہاں ہندوستانی محکمہ موسمیات کے 150 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مشن موسم کا آغاز کیا اور دستاویز موسمیاتی محکمہ ویژن - 2047 جاری کیا۔
بھارت منڈیم میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ محکمہ کے 150 سال نہ صرف محکمہ موسمیات کے سفر کی عکاسی کرتے ہیں بلکہ ہندوستان میں جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کے شاندار سفر کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ نے ان ڈیڑھ صدیوں میں لاکھوں ہندوستانیوں کی
خدمت کی ہے اور ہندوستان کی سائنسی ترقی کی علامت بن گیا ہے۔ اس موقع پر محکمہ کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے والا ایک یاد گاری ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2047 میں محکمہ کے مستقبل کا خاکہ پیش کرنے والی ایک وژن دستاویز جاری کی گئی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ محکمہ نے اپنے 150 سالہ سفر کے حصے کے طور پر نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے قومی موسمیاتی اولمپیاڈ کا انعقاد کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ہزاروں طلباء نے شرکت کی جس سے موسمیات میں ان کی دلچسپی مزید بڑھے گی۔