نئی دہلی، 24 اگست (یو این آئی) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے منگل کو کہاکہ وہ سرکاری املاک فروخت کرنے میں مصروف ہیں اور انہوں نے سب کچھ فروخت کرکے ملک کو بربادی کی راہ پر لانے کی تیاری کرلی ہے۔
مسٹر گاندھی نے یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہاکہ مسٹر مودی اپنے دو تین سرمایہ داردوستوں کو فائدہ پہنچانے کے لئے عوام کے ساتھ دھوکہ کررہے ہیں۔ ملک نے گزشتہ 70برس میں جو کچھ کمایا ہے اس املاک کو وہ اپنے ان چندسمرمایہ دار دوستوں کو سونپ کر نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کررہے ہیں اور ان صنعت کاروں کی من مانی کا راستہ کھول رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ
مسٹر مودی کو سمجھنا چہائے کہ ان کی حکومت کی مالیاتی بدانتظامی کی وجہ سے ملک کی اقتصادی صورتحال بہت خراب ہوگئی ہے اور اس میں بہتری کے لئے انہوں نے جو راستہ منتخب کیا ہے، اس سے ملک کے اقتصادی حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آنے والی ہے۔ حکومت نے معیشت کو بہتر بنانے کے لئے غلط راستہ منتخب کیا ہے کوئی بھی محب وطن اس کی مخالفت کرے گا۔
کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ ملک نے سات دہائیوں میں جو کچھ کمایا ہے اور جو املاک بنائی ہے، مسٹر مودی نے اسے اپنے اس فیصلے سے نجی ہاتھوں کو سونپ دیا ہے۔ یہ ملک کے نوجوانوں کے مستقبل پر سخت حملہ ہے۔ اس سے نوجوانوں کے مستقبل اندھیرے میں جارہاہے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع ختم ہورہے ہیں۔