کلکتہ 27مارچ (یواین آئی)مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بنگلہ دیش سے ”ووٹ مانگ رہے ہیں“۔
ممتا بنرجی نے ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب بنگال میں انتخابات ہورہے ہیں کہ وزیر اعظم مودی بنگلہ دیش جاکر بنگال سے متعلق بولتے ہیں اور بنگال کے ووٹروں کو لبھانے کیلئے کام کرتے ہیں یہ انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی مکمل خلاف ورزی ہے۔'
ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہاکہ '2019کے لوک سبھا انتخابات میں جب ایک بنگلہ
دیشی اداکار ہماری ریلی میں شریک ہوگیا تو بی جے پی نے بنگلہ دیش حکومت سے بات کی اور ویزا منسوخ کرادیا۔جب یہاں پولنگ جاری ہے، آپ لوگوں کے ایک حصے سے ووٹ مانگنے بنگلہ دیش جاتے ہیں، آپ کا ویزا کیوں منسوخ نہیں کیا جانا چاہئے؟ ہم الیکشن کمیشن سے شکایت کریں گے۔
ممتابنرجی جو مشرقی مدنی پور ضلع کے نندی گرام سے الیکشن لڑ رہی ہیں، نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے بڑی پیمانے پر نندی گرام میں باہر سے لاکر غنڈوں کو جمع کیا ہے۔بی جے پی ان غنڈوں کے ذریعہ انتخابات میں گڑبڑی پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔