نئی دہلی، 27 مارچ (ایجنسی) ہندوستان نے دشمن کے سیٹلائٹ کو خلا میں ہی مار گرانے کی صلاحیت حاصل کرکے دنیا کی چوتھی سپر پاور کے طور پر اپنا نام درج کرا لیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو قوم کے نام خطاب میں بتایا کہ محض تین منٹ میں "مشن شکتی" کو انجام دیا گیا اور ایک لائیو سیٹلائٹ کو خلا میں ہی مار گرایا گیا۔ امریکہ، روس اور چین کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والا ہندوستان دنیا کا چوتھا ملک بن گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ کر کے ہندوستان نے کسی بھی بین الاقوامی قانون یا معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی ہے، بلکہ یہ ملک کی ترقی کے لئے دفاعی پیش رفت ہے۔ وزیر اعظم نے واضح کیا کہ ہندوستان ہمیشہ سے خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف رہا ہے۔