نئی دہلی، 12 جون (یو این آئی) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیراعظم نریندر مودی پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے لیے ایڈورٹیزمنٹ سسٹم (نظامِ اشتاہار) کے طور پر کام کرتی ہے اور کورونا وبا کے دوران انہوں نے جو کردار ادا کیا‘ اس سے ملک کا وقار کم ہوا ہے۔
محترمہ واڈرا نے اپنی مہم ’ذمہ دار کون‘ کے تحت ہفتے کے روز یہاں جاری ایک بیان میں مسٹر مودی کو نا اہل وزیراعظم اور ناکام حکمراں قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ذمہ داری ادا کرنے کے بجائے اشہتار پر زیادہ بھروسہ
کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی ڈرپوک شخص کی طرح برتاؤ کرتے ہیں اور انہوں نے ملک کے وقار کو زک پہنچایا ہے۔ ان کے لیے ملک کے شہری نہیں بلکہ سیاست اہم ہوتی ہے۔ وزیراعظم کے لیے سچ کا کوئی مطلب نہیں ہوتا ہے اور اس کی وجہ ہے کہ وہ پروپیگنڈہ پر زیادہ یقین کرتے ہیں۔
کانگریس کے رہنما نے کہا پوری دنیا حکومت کرنے کی ان کی اہلیت کو پہنچانتی ہے۔ ملک کے عوام کو انہوں نے جو سبز باغ دکھائے تھے، ان کی قلعی کھل چکی ہے اور یہی درست وقت ہے کہ مسٹر مودی سے پوچھا جائے کہ ملک کی بدحالی کے لیے ذمہ دار کون ہے۔