نئی دہلی، 26 ستمبر (یو این آئي) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مودی حکومت کے خلاف کسانوں سے متحد ہونے کی اپیل کرتے ہوئے مودی حکومت سے کسانوں کو غلامی کی زنجیر میں جکڑنے والے اس قانون کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
مسٹر راہل گاندھی نے ہفتہ کے روز جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ "ملک کے کسانوں پر حملہ تیزی سے جاری ہے، سب سے پہلے تو نوٹ بندی سے، پھر جی ایس ٹی سے اور پھر کورونا وائرس کے وقت ان کو ایک روپیہ کی بھی مدد نہیں دی گئی۔ کسانوں کو مارنے کی کوششیں کی جارہی ہیں اور انہيں کارپوریٹس کا غلام بنایا جارہا ہے"۔
انہوں نے کسانوں سے کہا کہ
"اب یہ تینوں خوفناک قوانین، آپ کو ختم کرنے کے لیے لائے گئے ہيں۔ یہ آپ کے پیر پر کلہاڑی مارنے کے قوانین ہیں۔ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ان قوانین کو روکیں گے، ساتھ مل کر ہم انہيں روکیں گے"۔
انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ "آپ نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے۔ اگر کسان سڑک پر آجائے تو بہت بڑا نقصان ہونے والا ہے۔ آپ ان قوانین کو فوری واپس لیں، وقت ضائع نہ کریں اور کسانوں کو ایم ایس پی کی ضمانت دیں"۔
اس سے قبل، انہوں نے ٹویٹ کرکے کہا کہ "کسانوں کے مطالبات جائز ہیں،مسٹر مودی جی، قوم کی آواز سنیے، جئے کسان ، جئے ہندوستان"۔