نئی دہلی ، 15 مارچ (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ اگر حال ہی میں اختتام پزیرہونے والے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین پارلیمان کے بچوں کو ٹکٹ نہیں دینا گناہ ہے، تو یہ گناہ انہوں نے کیا ہے مسٹرمودی نے منگل کے روزبی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ ’ پریوار وادی پارٹی ذاتی واد پارٹی‘ ہوتی ہے اور اگر اس کے خلاف لڑائی لڑنی ہے تو اپنی بی جے پی میں بھی اس کا
خیال رکھنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نےاراکین پارلیمان کے بچوں کو اسمبلی انتخابات کے لئے میدان میں نہیں اتارا، لیکن انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ اس کے باوجود تمام ممبران پارلیمنٹ نے پارٹی کو جیت دلانے کے لئے دل و جان سے کام کیا، اس کے لئے تمام اراکین پارلیمنٹ کا شکریہ۔
میٹنگ میں مسٹرمودی نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ہارے ہوئے سو سو بوتھوں کا جائزہ لینے کے بعد ایک رپورٹ تیارکریں کہ ان بوتھوں میں پارٹی کے ہارنے کی کیا وجہ رہی ۔