نئی دہلی 18 دسمبر(یواین آئی) کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی پرحملہ بولتے ہوئے کہا کہ انہیں سچ نہ بولنے کی عادت ہوگئی ہےاور مدھیہ پردیش کے کسانوں سے حال ہی میں منظور تین زراعت سے متعلق قوانین کے سلسلے میں انہوں نے آج پھرغلط بیانی سے کام لیا مسٹر گاندھی نے اس غلط بیانی کو مسٹر مودی کا’استیہ گرہ‘ قراردیا اور کہا کہ وہ ان تینوں قوانین کو ختم کرنے کے بجائے کسانوں کوورغلانے میں مصروف ہیں اور مسلسل اور ہرمنچ پر پروپیگنڈہ
کرکے کسانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے ٹویٹ کیا’’ عادت کے مطابق مودی جی نے آج پھر استیہ گرہ کیا۔ کسانوں کی بات سنو، زراعت مخالف قانون واپس لو، اور کتنے کسانوں کو قربانی دینی ہوگی۔ زرعی مخالف قانون کب ختم کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک خبر بھی پوسٹ کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زرعی قوانین کو ختم کرنے کے لیے تحریک کررہے پنجاب کے مزید چارکسانوں نے دم توڑدیا۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کوچ کرنے کے بعد اب تک پنجاب 22 کسان کھوچکا ہے۔