نئی دہلی، 09 اکتوبر (یو این آئی) ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن کے ہندوستان کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے ماحولیات کے تحفظ کے ساتھ ترقی کے لیے اپنی منفرد شراکت داری کو تیز کرنے کے لیے مہارت کی ترقی ، صحت ، زراعت ، پینے کے صاف پانی پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ ہفتہ کو سبز توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
دارالحکومت میں مسٹر فریڈرکسن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان سربراہ اجلاس کے دوران دونوں فریقوں کی جانب سے ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
مسٹر مودی نے بتایا کہ
ڈنمارک نے انٹرنیشنل سولر ایلائنس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے جو ہندوستان کی جانب سے شمسی توانائی کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ایک تعاون پروگرام ہے۔
پوری دنیا میں کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے سفری پابندیوں کے نافذ ہونے کے بعد گزشتہ 20 مہینوں میں کسی حکومت کے سربراہ یا ریاست کے سربراہ کا یہ پہلا دو طرفہ دورہ ہے۔ یہاں حیدرآباد ہاؤس میں مسٹر فریڈرکسن سے ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں مسٹر مودی نے خود اس بات کا ذکر کیا کہ ایک ملک کی حکومت کا سربراہ طویل وقفے کے بعد ہندوستان آیا ہے۔