مالے،17نومبر (ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی مالدیپ کے نومنتخب صدر ابراہیم محمد صالح کی حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے کے لئے آج یہاں پہنچے۔
مالدیپ کے مختصر دورہ میں مسٹر مودی دوپہر کو تقریباََ چار بجے مالے کے ویلنا بین الاقوامی ہوا ئی اڈہ پر پہنچے۔ جہاں ان کا روایتی طریقہ سے استقبال کیا گیا۔ کچھ وقت آرام کرنے کے بعد وہ مالے کے نیشنل اسٹیڈیم پہنچے جہاں مسٹر صالح نے وزیراعظم کا
استقبال کیا۔ سابق صدر محمد نشید بھی اس موقع پر وہاں موجود تھے۔ مسٹر صالح کے صدر کا عہدہ کا حلف لینے کے بعد مسٹر مودی کی ان کے ساتھ رسمی دوطرفہ میٹنگ ہوگی۔ شام کو تقریباََ ساڑھے سات بجے وہ ملک واپسی کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہاکہ پڑوسی پہلے کی پالیسی کو آگے بڑھاتے ہوئے مسٹر مودی نومنتخب صدر مسٹر صالح کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لئے اپنے پہلے دورہ پر مالے جارہے ہیں۔ اس سے پہلے ہندستانی وزیراعظم نے مالدیپ کا دورہ نومبر 2011میں کیا تھا۔