نئی دہلی، 26اکتوبر(ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کسانوں سے فصلوں کی آبپاشی میں سمجھداری سے پانی کا استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ زرعی لاگت میں کمی کرنے کے لئے جلد ہی ملک بھر میں بڑے پیمانے پر کھیتوں میں سولر پمپ لگائے جائیں گے۔
مسٹر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لکھنؤ میں کرشی کمبھ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کے اپنے عہد کی پابند ہے اور زرعی لاگت کو کم سے کم کرنے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوسکے ۔ ملک میں آب پاشی پر خرچ میں کمی کرنے کے لئے مستقبل قریب میں بڑے پیمانے پر کھیتوں میں سولر پمپ لگائیں جائیں گے۔
وزیراعظم نے اعتماد کا اظہا رکیا کہ کسانوں کے کرشی کمبھ سے نئی ٹیکنالوجی کے
استعمال کی راہ ہموار ہوگی۔ نیز زرعی شعبے میں بہتر مواقع پیدا کرنے کی بھی راہ ہموار ہوگی۔۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سائنس کے فائدے زراعت کو پہنچیں، اس پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارانسی میں جو چاول سے متعلق تحقیق کا مرکز قائم کیا جارہا ہے وہ اسی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے ایسی نئی ٹیکنالوجی اور طور طریقے ایجاد کرنے کی ضرورت پر زور دیا جن سے کسانوں کو پرالی جلانے کی ضرورت نہ پڑے یا اس میں انہیں کوئی مدد مل سکے۔
وزیراعظم نے زراعت میں اس کی قدر وقیمت میں اضافے کی اہمیت کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے خوراک کو ڈبہ بند کرنے کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سبز انقلاب کے بعد اب توجہ دودھ کی پیداوار ، شہد کی پیداوار اور انڈا مرغی ا ور ماہی پروری پر دی جارہی ہے۔
انہوں نے اترپردیش سرکار کی تعریف کی کہ اس نے اناج کی خریداری کو خاطر خواہ فروغ دینے کی کوششیں کیں۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ یہ کسان ہی ہیں جو ملک کو آگے لے جاتے ہیں۔