لکھنؤ/21فروری(ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں دو ڈیفنس انڈسٹریل کوریڈور قائم کرنے کا آج اعلان کیا۔ مسٹر مودی نے یہاں منعقد بڑے کاروباریوں کا میلہ یوپی انوسٹرس سمٹ 2018 میں یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس میں سے ایک اترپردیش میں قائم کیا جائے گا۔ اس کوریڈور کی تعمیر کے بعد خاص طور پر بندیل کھنڈ کو بہت فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آگرہ ' علی گڑھ'
لکھنؤ ' کانپور اور جھانسی ہوتے ہوئے چترکوٹ تک جانے والے اس کوریڈور میں بیس ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی امید ہے۔ اس میں ڈھائی لاکھ لوگوں کو روزگار کے مواقع ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پروانچل اور بندیل کھنڈ کی صنعت کاری تیزی سے ہو گی۔ ابھی تک اترپردیش میں تین ہوائی اڈے تھے ۔ اب کشی نگر او رزیور میں بھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ بنایا جا رہا ہے۔ اڑان اسکیم کے تحت ریاست کے گیارہ شہروں میں ہوائی اڈے بنائے جا رہے ہیں۔