(اعتماد)
حکومت تلنگانہ اپنے ہر وعدے کو پورا کرنے کی پابند ہے۔ بی آر ایس کی جانب سے کئے گئے تمام وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد علی نے منگل کو عنبر پیٹ میں جدید قبرستان کے سنگ بنیاد کے دوران کیا۔ مقامی ایم ایل اے کالیرو وینکٹیش نےگزشتہ انتخابات میں مسلمانوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ مسلمانوں کو قبرستان کے لیے زمین فراہم کروائیں گے، جس کو آج پورا کیا گیا۔ اسی ضمن میں عنبرپیٹ میں کالیرو وینکٹیش کی صدارت میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔جس میں وزیر داخلہ نے بات کرتے ہوئے کہا کہ عنبرپیٹ رکن اسمبلی نے اپنے حلقہ کو خوب ترقی دلائی ہے۔
انہوں نے عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے سبھی کو پوارا کیا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ کالیروو ینکٹیش نے عنبرپیٹ میں 150 کروڑ روپئیے مالیتی اراضی مسلم قبرستان کے لئے فراہم کی ہے جس کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔انہوں نے کہا کہ کے سی آر قیادت والی تلنگانہ حکومت عوامی مسائل کو سنجیدگی سے حل
کررہی ہے۔ تلنگا نہ حکومت نے تمام مذاہب کے لوگوں کی ترقی کے لیےمتعدد اسکیمات کو روبہ عمل لایا ہے جس سے ہر گھر میں کم از کم ایک اسکیم سےاستفادہ کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پچھلے نو سالوں میں جو ترقی تلنگانہ ریاست کو حاصل ہوئی ہے وہ ملک بھر میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔ مزید کہا کہ تلنگانہ ریاست گنگا جمنا تہذیب کی عمدہ مثال ہے جہاں پر تمام مذاہب کے لوگ آپس میں مل جل کررہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں بی آر ایس یکطرفہ کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ حکموت بنائے گی۔ اور ریاست کی ترقی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اس موقع پر مجلس کے اراکین کونسل ریاض الحسن آفندی ،مرزا رحمت بیگ ، کارپوریٹرز وجئے گوڑ، محترمہ پدما وینکٹ ریڈی، بابا فصیح الدین، خواجہ سدرالدین، صوفی منیر احمد، مولانا یعقوب، شبیر احمد، سید شمس الدین قادری ، سید سیف الدین قادری اور دیگر شریک تھے۔ مسلم قائدین نے رکن اسمبلی کالیرو وینکٹیش کو انتخابات کے دوران کئے گئے وعدے کو پورا کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے شکریہ اد ا کیا۔