ذرائع:
حیدرآباد: تلنگانہ کے آئی ٹی اور صنعت کے وزیر کے ٹی راما راؤ جو کے ٹی آر کے نام سے مشہور ہیں، انہوں نے جب تلنگانہ کے سنگاریڈی میں اذان سنی تو اپنے عوامی خطاب کو درمیان میں روک دیا۔ وہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی انتخابی مہم کے حصہ کے طور پر جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
خطاب کے دوران انہوں نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قومی پارٹی کو متعدد ووٹ ڈالنے کے بعد بھی مسلمان غریب ہیں۔ ریاست میں پرامن ماحول کو برقرار رکھنے کا وعدہ کرتے ہوئے کے ٹی آر نے ذکر کیا کہ پچھلے نو سالوں میں ریاست میں گنگا جمنی تہذیب کا غلبہ رہا ہے۔
انہوں نے تلنگانہ میں اقلیتوں کے بجٹ کا
موازنہ اتر پردیش کے بجٹ سے کیا جہاں سب سے زیادہ مسلم آبادی ہے۔ یوپی میں اقلیتوں کے لیے بجٹ 1700 کروڑ روپے ہے، جب کہ تلنگانہ میں مسلمانوں کی نسبتاً کم تعداد کے باوجود یہ 2200 کروڑ روپے ہے۔
انہوں نے TMREIS اسکولس، شادی مبارک اسکیم، اور تلنگانہ میں کے سی آر کی زیرقیادت حکومت کے ذریعہ انجام دی گئی دیگر فلاحی سرگرمیوں پر بھی روشنی ڈالی۔
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کے خلاف راہول گاندھی اور پی ایم مودی کے الزامات کے پیچھے وجوہات بتاتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ وہ اس بات سے پریشان ہیں کہ تلنگانہ میں انتخابات جیتنے کے بعد بی آر ایس مہاراشٹرا، کرناٹک اور دیگر ریاستوں میں کانگریس اور بی جے پی کو سخت مقابلہ دے گی۔