حیدرآباد/2مارچ(ایجنسی) کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے احیاء کی ڈائمنڈ جوبلی رنگارنگ تقاریب کا پارٹی کے ہیڈکوارٹرس دارالسلام میں پرچم کشائی کے ساتھ افتتاح عمل میں آیا۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے پارٹی کے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹراسد الدین اویسی نے دعوی کیا کہ موجودہ حکمران جماعت کے لیڈران بات بات پر یہ کہتے ہیں کہ مسلمانوں کو پاکستان بھیج دیاجائے ' لیکن وزیراعظم اور ان کی جماعت اور سنگھ پریوار کے لوگ مالیاتی اسکینڈلس میں ملوث افرا دکو پاکستان نہیں بھیجتے۔
سابق میں ہرشدمہتا ' کیتن پاریکھ'ڈالمیا ' یو ٹی آئی اور ستیم کے گھپلے کے تحت ہزاروں کروڑ ہضم کرلئے گئے۔2014کے بعد سے وجے مالیا کا گھپلہ9ہزار کروڑ
روپئے 'ونسم ڈائمنڈگھپلہ 7ہزار کروڑ روپئے 'روٹومیک گھپلہ3690کروڑ روپئے 'نیرومودی گھپلہ11400کروڑ روپئے جیسے کئی گھپلے سامنے آئے۔ اتنے بڑے گھپلے ہوئے لیکن کسی کو پاکستان نہیں بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ اگر ایک لاکھ روپئے قرض حاصل کرتے ہیں تو انہیں چکر لگانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی یہ کہتے تھے کہ نہ کھاوں گا نہ کھانے دوں گا لیکن نیرومودی 11400روپئے لے کر بھاگ گیا۔ اسی طرح دیگر افراد بھی کروڑہا روپے ہضم کرکے فرار ہوچکے ہیں۔ بی جے پی پر کرپشن کا الزام لگ چکا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2011میں بابری مسجد کے مقدمہ کے لئے مجلس کے منتخبہ نمائندوں نے ایک خطیر رقم کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر کے حوالے کی تا کہ وہ اس رقم کے ذریعہ مسجد کا مقدمہ لڑیں۔ صدر مجلس نے کہا کہ مسجد کی تعمیر کے لئے اگر ان کی شہادت کی ضرورت پڑے تو وہ شہید ہونے کے لئے بھی تیار ہیں۔