26 فروری کو ایک ہزار افراد کے ساتھ بھوک ہڑتال کا اعلان
اورنگ آباد،29 جنوری ( یو این آئی) اورنگ آباد شہر کے جالنہ رورڈ پر واقع کروڑوں روپیوں کی قیمتی زمین کو تمام قوانین کو بالئے طاق رکھ کر غیر قانونی طور پر اور دھڑلے سے خرید و فرخت کرنے والے اور انکا ساتھ دینے والے تمام افراد کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے اورنگ آباد کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل نے اعلان کیا کہ اگر ان خاطیوں کے خلاف فوری تحقیقات کرکے کارروائی نہیں کی گئی تو وہ اپنے ایک ہزار ساتھیوں کے ساتھ 26 فروری 2021 کو ضلع کلکٹر آفس کے سامنے بھوک ہڑتال کریں گے۔
اورنگ آباد میں آج ایک پر ہجوم پریس
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، جس میں ایم ائی ایم کے صدر شارق نقشبندی اور ایڈوکیٹ فاروق پٹیل بھی موجود تھے، امتیاز جلیل نے بتایا کہ، کسی بھی وقف جائیداد کی خرید و فروخت نہیں کی جاسکتی، سپریم کورٹ کا بھی اس ضمن میں فیصلہ ہے کہ ایک بار وقف کی گئی زمین و جائیداد ہمیشہ کے لیے وقف ہی رہے گی۔
لیکن واضح قوانین کے باوجود شہر کے جالنہ روڈ پر واقع جہاں زمین کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں اور سب سے مہنگی ہیں اس علاقے میں وقف کی ایک لاکھ اسکوائر فٹ ( 20 ایکر 9 گنٹے زمین) پر غیر قانونی طور پر ایک شاپنگ کمپلیکس تعمیر کر کے وہاں بنائی گئی 80 دوکانیں کی خرید و فروخت کے ذریعے سے 100 کروڑ روپیوں سے زیادہ کا لین دین کیا گیا ہے۔