سری نگر ، 8 مئی (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے ناربل میں پتھراؤ کے ایک واقعہ میں تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح کی موت واقع ہوجانے کے واقعہ پراپنی شدید ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرا سر شرم سے جھک گیا ہے‘۔ ایک سرکاری ترجمان نے کہا کہ22 سالہ آر تھرومنی ولد راجولی ساکنہ چنئی کی موت واقع ہوجانے کی خبر ملتے ہی وزیر اعلیٰ گذشتہ رات پولیس
کنٹرول روم پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے مہلوک سیاح کے افراد خانہ سے ملاقات کرکے ہمدردی کا اظہار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران مہلوک سیاح کے والد راجولی نے محترمہ مفتی کو بتایا کہ وہ گلمرگ کی طرف جارہے تھے کہ اس دوران ایک پتھر آکر تھرومنی کے سر اور چہرے پر لگ گیا۔ محترمہ مفتی نے مہلوک سیاح کے والد کو بتایا کہ اس واقعہ سے اُن کا سر شرم سے جھک گیا ہے۔
یو این آئی ظ ح بٹ 9:45