کلکتہ۔ مرکزی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ’’دہلی چلو‘‘ دہلی چلو‘‘ کا اعلان کیا ہے ۔ پرولیا ضلع میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ 2019میں بنگال کا خواب دیکھنا بی جے پی بند کر دے ۔ میرا بی جے پی کو واضح پیغام ہے اور ہمارا اگلا ہدف لال قلعہ کو فتح کرنا ہے ۔اس لیے ہم نے ’’دہلی چلو‘‘ کا اعلان کیا ہے ۔یہ ہمارا اصل ہدف ہے ۔
خیال رہے کہ تری پورہ میں بی جے پی کی بڑی جیت کے بعد ترنمول کانگریس کے قومی ترجمان ڈیریک اوبرائن نے کہا کہ 15اگست 2018کو وزیر اعظم مودی آخری مرتبہ لال قلعہ سے خطاب کریں گے ۔ تری پوری اور ناگالینڈ میں
بی جے پی کی شاندار جیت کے بعد ممتا بنرجی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نتائج کا مغربی بنگال پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا اور وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم نے راہل گاندھی کو اتحاد کر کے انتخاب لڑنے کی دعوت دی تھی مگر ہماری بات نہیں سنی گئی اور اس کا فائدہ بی جے پی کو ملا ہے ۔
خیال رہے کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے پرولیا میں خطاب کے دوران غیر متوقع طور پر بارش ہونے کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہوگیا اور سامعین کو وزیر اعلیٰ کی تقریر کو چھوڑ کر محفوظ جگہ جانا پڑا۔ تاہم حالات کی نزاکت کومحسوس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اپنی تقریر کو مختصر کردیا ۔ خیال رہے کہ اس علاقے میں مارچ میں بارش نہیں ہوتی ہے۔