سری نگر، 24 نومبر (یو این آئی) عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ اور نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں و کشمیر کے لوگوں سے 'اتحاد' یا 'الائنس' کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے جیت دلانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'عوامی اتحاد' جموں و کشمیر کے تشخص، ریاستی درجے اور خصوصی پوزیشن کی بحالی کے لئے تشکیل پایا ہے۔
فاروق عبداللہ نے اپنے ایک ویڈیو پیغام، جس کو 'عوامی اتحاد' کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر اپ لوڈ کیا گیا ہے، میں کہا ہے: 'ہم وطنوں الیکشن کا بگل بج چکا ہے۔ میں آپ سے درخواست کرنا چاہتا ہوں کہ آپ الائنس کے امیدواروں کو ہی ووٹ دیجئے گا۔ جو دوسرے کھڑے ہوئے ہیں اور اپنے آپ کو الائنس کے امیدوار بتا رہے ہیں ان کے حق میں ووٹ نہیں ڈالنا۔ یہ وہ امیدوار ہیں جو الائنس کے دشمن ہیں۔ اگر آپ ہمیں
جتانا چاہتے ہیں تو الائنس کے امیدواروں کو ہی ووٹ دیجئے گا'۔
ان کا اس میں مزید کہنا تھا: 'یہ الائنس یہاں کے تشخص، ریاست اور خصوصی دفعات کو واپس لانے کے لئے بنا ہے۔ اس ریاست کو اکھٹا رکھنے کے لئے ہی ہم ایک جٹ ہو گئے ہیں۔ آپ سے درخواست ہے کہ بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر ووٹ دیں اور الائنس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں'۔
دریں اثنا 'عوامی اتحاد' کی نائب صدر اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے اس ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے اردو زبان میں لکھا ہے: 'جموں و کشمیر کی سرکار عوامی اتحاد کے امیدواروں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔ اس صورتحال کی روشنی میں، لوگوں کو عوامی اتحاد کے لئے بڑے پیمانے پر ووٹ دینے کو یقینی بنانا چاہئے۔ اتحاد کے چیئرپرسن فاروق صاحب کی طرف سے اپیل کی گئی ہے'۔