نئی دہلی،24جون(ایجنسی) اپوزیشن نے مودی حکومت پر پرتشدد قوم پرستی پھیلا کر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ آج آئین خطرے میں ہے۔
صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر مباحثے کے دوران لوک سبھا میں منگل کو ترنمول کانگریس کی mahua moitra مہوآ موئترا نے کہا کہ آج آئین خطرے میں ہے۔ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں مرکزی حکومت پر پُر تشدد قوم پرستی اور ہجوم پر مشتمل نیشنلزم پھیلانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ملک کو ایک رکھنے کی بجائے تقسیم کی کوشش کی جارہی
ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ 50 سال سے ملک میں رہ رہے ہیں ان سے ہندوستانی ہونے کی سرٹیفکیٹ کے طور پر ’کاغذ کا ایک ٹکڑا‘ مانگا جا رہا ہے۔ سنہ 2014 کے مقابلے میں 2019 میں نفرت سے متاثر ہوکر جرائم کی تعداد میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ عام انتخابات جھوٹ اور ’فیک نیوز‘ کے دم پر لڑا گیا۔ عوام کو فرضی دشمن کا ڈر دکھا کر قومی سلامتی کو بڑا مسئلہ بنایا جا رہا ہے اور فوج کے کارناموں کو ایک شخص اپنے نام کرنا چاہتا ہے۔محترمہ موئترا نے الزام عائد کیا کہ حذب اقتدارکے افراد کو یہ بھی برداشت نہیں ہوتا کہ کوئی ان سے سوال پوچھے۔