ممبئی :23؍جنوری (یو این آئی )ریاست مہاراشٹر کے سیاسی نقشہ پر گزشتہ 13؍برسوں سے شمالی ہند کے باشندوں کے خلاف اپنا محاذ کھولی راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نونرمان سینا نے اب اپنے سیاسی نظریات میں تبدیلی لا کر ہندوتوا کی راہ پر گامزن ہونے کا آغاز کر دیا ہے جس کا ثبوت اس کے جھنڈے میں تبدیلی نئے بھگوا رنگ کے جھنڈے کا استعمال اور پارٹی کے اجلاس میں ویرساورکر سے لیکر دیگر کٹر ہندو نظریات کے حامی لیڈران کی تصاویر کو آویزاں کرنا شامل ہے ۔
ممبئی کے مضافات گوریگاو ں میں منعقدہ ایک تقریب میں راج ٹھاکرے نے آج یہاں پارٹی کے نئے جھنڈے کو لہرا کر اس کا افتتاح کیا ۔
اجلاس میں اسٹیج پر
ویرساورکر کے علاوہ ان کے دادا پربودھن ٹھاکرے ، ساوتری بائی پھولے ، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر و دیگر کی تصویریں آویزاں کی گئی تھیں جس کے دوران شیوسینا کے بانی آنجہانی بال ٹھاکرے کی ۹۴؍ویں یوم پیدائش کو بھی منایا گیا ۔
واضح رہے کہ نونرمان سینا کے جھنڈے کو لیکر سمبھاجی بریگیڈ اور مراٹھی کرانتی مورچہ سمیت دیگر سیاسی پارٹیوں نے احتجاج کی دھمکی دی ہے کیونکہ جھنڈے پر سنسکرت میں کچھ ایسے نعرے لکھے گئے ہیں جو دیگر سیاسی پارٹیوں کیلئے باعث تکلیف ہیں ۔
راج ٹھاکرے نے ویرساورکر کو لیکر بھی کئی ایک ایسے بیانا ت حال ہی میں جاری کیئے ہیں جس سے یہ واضح اشارہ ملتا ہے کہ پارٹی نے اب ہندو نظریات کو اپنا لیا ہے ۔