نئی دہلی،18مارچ(یواین آئی)سپریم کورٹ نے مدھیہ پردیش اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کو 26مارچ تک ٹالے جانے کے فیصلے کو چیلنج دینے والی عرضی کی سماعت جمعرات تک کےلئے ٹال دی ہے،جبکہ کانگریس کے باغی ارکان اسمبلی نے اسمبلی اسپیکر کے سامنےپیش ہونےسے انکار کیاہے۔
کانگریس کے 16باغی ارکان اسمبلی نے جسٹس ڈی وائی چندرچوڈ اور جسٹس ہیمنت گپتا کی بینچ کے سامنے بدھ کو دلیل دی کہ وہ سکیورٹی وجوہات سے اسمبلی اسپیکر کے سامنے پیش ہونا نہیں
چاہتے۔
ان ارکان اسمبلی کی جانب سے پیش ہورہے سینئر وکیل منندر سنگھ نے کہا کہ ان کے موئکل بے شک سپریم کورٹ کے ججوں کے چیمبر میں پیش ہونے کو تیارہیں،لیکن اسمبلی اسپیکر کے سامنے پیش نہیں ہونا چاہتے۔انہوں نے کہاکہ اگر کورٹ چاہے تو ان ارکان اسمبلی سے کورٹ رجسٹرار مل سکتےہیں لیکن عدالت نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔
عدالت میں آج دن بھر سماعت چلی اور دوپہر تقریباً سوا چار بجے بینچ نے سماعت کل تک کےلئے ملتوی کردی۔اب اس معاملے پر سماعت کل ساڑے 10بجے ہوگی۔