بھوپال : سابق ممبر پارلیمنٹ اور کانگریس کے سینئر لیڈر سجن سنگھ ورما نے متنازع بیان دیتےہوئے مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اور ممبر پارلیمنٹ جناب اسد الدین اویسی صاحب کو آر ایس ایس کا سب سے بڑا ایجنٹ قرار دیا ہے۔ مدھیہ پردیش کے شاجاپور میں منعقدہ ایک پروگرام میں سجن سنگھ ورما نے اسد الدین اویسی صاحب کو آر ایس ایس کا سب سے بڑا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے بی جے پی کا رہنما بتایا ۔
سجن سنگھ ورما نے کہا کہ مندر جانے کے معاملہ پر راہل گاندھی سے سوال پوچھنے والے لیڈران پوری طرح سے بک
گئے ہیں اور یہ ملک اور مسلمانوں کی پیٹھ میں چھڑا گھونپنے کا کام کر رہے ہیں۔ ورما نے گجرات اسمبلی انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے منی شنکر ائیر پر بھی جم کر نشانہ سادھا اور کہا کہ ائیر پارٹی میں حاشیہ پر چلے گئے تھے ، اس لئے پیسہ لے کر انہوں نے عین موقع پر پی ایم مودی سے متعلق قابل اعتراض تبصرہ کیا ۔
غور طلب ہے کہ کانگریس کے لیڈر ورما اس سے پہلے بھی اپنے بے تکے بیانات کی وجہ سے کئی مرتبہ سرخیوں میں رہ چکے ہیں اور کئی مرتبہ تو یہ اپنی ہی پارٹی کے لیڈروں پر نشانہ سادھنے میں بھی نہیں چوکتے ہیں۔