نئی دہلی/18جولائی(ایجنسی) مودی حکومت کے خلاف تیلگو دیشم پارٹی(ٹی ڈی پی) کی طرف سے پیش کردہ عدم اعتماد کی تحریک کوآج لوک سبھا کی اسپیکر سمترامہاجن نے بحث کے لئے منظور کرلیا ۔بحث کے لئے وقت کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
وقفہ سوالات کے بعد ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھوانے کے بعد محترمہ مہاجن نے ایوان کو بتایا کہ انہیں مختلف جماعتوں کے اراکین کی طرف سے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کی تجویزموصول ہوئی ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ٹی ڈی پی، کانگریس ، سی پی آئی، سی پی ایم ، ریولیوشنری سوشلسٹ
پارٹی وغیرہ جماعتوں کے اراکین کا نام لیا۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی پی کے مسٹر کے سرینواس کی تجویز سب سے پہلے موصول ہوئی ہے اس لئے انہیں تجویز پیش کرنے کی اجازت دے رہی ہیں۔
اس پر مسٹر سرینواس نے ایک سطر کی اپنی تجویز پیش کی جس میں کہا گیا ہے"یہ ایوان حکومت کے خلاف عدم اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔" اس کے بعد اسپیکرنے ایوان سے جاننا چاہا کہ کتنے اراکین اس تجویز کی حمایت کرتے ہیں۔ ضروری پچاس اراکین کے کھڑے ہونے پر انہوں نے کہا کہ وہ تجویز کو بحث کیلئے منظور کرتی ہیں لیکن اس پر بحث کا دن اور وقت بعد میں طے کیا جائے گا۔