نئی دہلی، 7جنوری (ایجنسی)منگل کو ختم ہونے والے سرمائی اجلاس سے قبل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ہمیشہ کی طرح پیر کو بھی ہنگامہ جاری رہا اور لوک سبھا میں ایوان کی کارروائی میں رخنہ ڈالنے کے لئے چار اراکین کو معطل کیا گیا جب کہ راجیہ سبھا میں کوئی کام کاج نہیں ہوسکا۔
لوک سبھا نے گذشتہ ہفتہ بھی دو اور تین جنوری کو انا ڈی ایم کے اور ٹی ڈی پی کے مجموعی طورپر 46اراکین کو اجلاس کی بقیہ مدت کے لئے معطل کیا گیا تھا۔ اس طرح ان چار اراکین کو ملا کر لوک
سبھا کے اجلاس کی بقیہ مدت کے لئے معطل کئے گئے اراکین کی تعداد پچاس ہوگئی ہے۔ راجیہ سبھا میں بھی گذشتہ ہفتہ بارہ اراکین کو معطل کیا گیا تھا۔
آج شور شرابے کے درمیان جذام کو شادی ختم کرنے کے بنیاد کے طورپر ناقابل تسلیم قرار دینے والا بل صوتی ووٹوں سے لوک سبھا میں منظور ہوگیا ۔ راجیہ سبھا میں آج بھی تین طلاق سے متعلق بل پیش نہیں کیا جاسکا۔ لیکن دو دیگر بل پیش کئے گئے۔ ہنگامہ کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی تین مرتبہ ملتوی کرنے کے بعد اورراجیہ سبھا کی کارروائی دو بار ملتوی کرنے کے بعد دن بھر کے لئے ملتوی کردی گئی ۔