نئی دہلی، 17 دسمبر (یو این آئی) اپوزیشن ارکان نے جمعہ کو لوک سبھا میں داخلی امور کے وزیر مملکت اجے مشرا ’ٹینی‘ کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ کیا، جس کے بعد پریذائیڈنگ آفیسر راجندر اگروال کو ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کرنی پڑی ا یک بار التوا کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے شروع ہوئی، ترنمول کانگریس، دراوڑ منیترا کژگم، نیشلسٹ کانگریس پارٹی سمیت کئی اپوزیشن پارٹیوں کے ارکا ن نعرے بازی کرتے ہوئے ایوان کے بیچ و بیچ آگئے شور شرابہ کررہے ارکان نے ہاتھوں میں تختیاں لے رکھی تھیں جس میں ’لکھیم پور متاثرین کو انصاف دو‘
اور ’وزیراعظم نریندر مودی کو ہٹاؤ‘ لکھا تھا۔
اپوزیشن کے ہنگامے کے درمیان مسٹر اگروال نے وزارتوں اور پارلیمانی کمیٹیوں سے متعلق اہم کاغذات ایوان کی میز پر رکھے ۔ہنگامہ کے درمیان، کھیلوں کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے قومی اینٹی ڈوپنگ بل 2021، ماحولیات جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر بھوپیندر یادو نے وائلڈ لائف پروٹیکشن ترمیمی بل 2021 اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ، لاگت، ورکس اکاؤنٹنٹ، کمپنی سیکریٹری بل 2021 پیش کئے۔
اس کے بعد ہنگامہ کے درمیان راجیہ سبھا کی سروگیسی ریگولیشن بل میں ترمیم کو لوک سبھا میں منظوری دے دی گئی۔