نئی دہلی 18 جون (یواین آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے جمعہ کو کہا کہ کورونا وائرس ابھی ختم نہیں ہوا ہے اوراس کے میوٹیشن کاامکان برقرار ہے جس کے پیش نظر ملک کے لوگوں کو ہرچیلنج سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا ہوگا مسٹرمودی نے جمعہ کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کووڈ19 فرنٹ لائن ورکرز کے لئے ’اسپیشل کریش کورس‘ پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ تربیتی پروگرام 26 ریاستوں کے 111 مراکز میں چلایاجائے گا۔ اس اقدام کے تحت تقریباً ایک لاکھ فرنٹ لائن کے ورکرز کو تربیت دی جائے گی۔ اس موقع پرہنرمندی اور کاروبار کے فروغ کے وزیرڈاکٹر مہیندرناتھ پانڈے، متعدد دیگر مرکزی وزراء، ریاستی وزراء، ماہرین اوردیگر اسٹیک
ہولڈر موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ شروعات کورونا سے لڑنے کا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے آگاہ کیا کہ وائرس ابھی موجود ہے اوراس کے میوٹیشن کا امکان برقرار ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وبا کی دوسری لہر نے یہ بتادیا ہے کہ وائرس کیسے کیسے چیلنجز ہمیں دے سکتا ہے۔ ملک کو ہر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیاررہناچاہیے اورایک لاکھ سے زیادہ فرنٹ لائن کے جانبازوں کی تربیت اسی سمت میں اٹھایا گیا قدم ہے۔ وزیراعظم نے یادلایا کہ وبا نے دنیا کے ہرملک، انسٹی ٹیوٹ، سماج، خاندان اورلوگوں کے حوصلے کو آزمایا ہے۔ ساتھ ہی اس سے ہم چوکنے بھی ہوئے ہیں کہ ہمیں سائنس، حکومت، انسٹی ٹیوٹ یاشخص کی سطح پر اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔