ممبئی۔ سری دیوی کی آخری وداعی سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔ان کے جسد خاکی کو ترنگے میں لپیٹا گیا۔سری دیوی کی آخری وداعی کیلئے انہیں پھولوں سے سجے ٹرک میں لے جایا گیا۔آج صبح نو بجے سری دیوی کا جسد خاکی ممبئی کے سلیبریشن کلب لایا گیا۔ اس کے بعد ان کی آخری دیدار کے لئے مداحوں کی بھیڑ جمع ہونا شروع ہو گئی۔ بھیڑ کو قابو میں رکھنے کے لئے دو سو پولیس اہلکار بھی سلیبریشن کلب کے باہر تعینات کر دئیے گئے ہیں۔ دس بجے کے بعد عوام الناس کے لئے بھی سلیبریشن کلب کو کھول دیا گیا تھا۔
بتا دیں کہ ملک بھر سے لوگ یہاں سری دیوی کی آخری جھلک پانے کے لئے آ رہے ہیں۔ صبح سب سے پہلے کرن جوہر یہاں پہنچے تھے۔ اس کے بعد سے ہی بالی ووڈ ہستیوں کی مسلسل آمد یہاں جاری ہے۔
سری دیوی کی آخری جھلک پانے کے لئے ممبئی کے
سلیبریشن اسپورٹس کلب میں بالی ووڈ کی مشہور ہستیوں کی آمد مسلسل جاری ہے۔ اب تک ایشوریہ رائے اور سشمتا سین کے علاوہ تبو، سبھاش گھئی، سونم کپور اور آنند آہوجا بھی یہاں پہنچ چکے ہیں۔ جاوید اختر، شبانہ اعظمی، منیش ملہوترا اور ارباز خان جیسے کئی ستارے صبح سے ہی اپنی پسندیدہ اداکارہ کی ایک آخری جھلک پانے کے لئے یہاں پہنچے ہوئے ہیں۔ گزشتہ رات رجنی کانت، سلمان اور شاخ رہ سمیت کئی بڑے ستارے بونی کپور کے گھر پہنچ گئے تھے۔
واضح ہو کہ سری دیوی کے جسد خاکی کو لینے کے لئے ہوائی اڈے پر سری دیوی کے دیور انل کپور، انل کپور کی بیٹی اور اداکارہ سونم کپور اور سری دیوی کی سوتیلی بیٹی انشلا کپور آئے تھے۔ انہیں دبئی سے ہندوستان لانے کے لئے ارجن کپور منگل کے روز ہی دبئی چلے گئے تھے۔ رات سے ہی ہزاروں کی تعداد میں لوگ سری دیوی کے گھر کے باہر جمع ہیں۔