نئی دہلی، 8 جنوری (ایجنسی) مرکزی حکومت کی مزدور مخالف، عوام مخالف اور ملک مخالف پالیسیوں کے خلاف دس مرکزی مزدور تنظیموں کے اعلان پر آج منعقد ہڑتال کا اثر ملک بھر میں دیکھا گیا اور صنعتی علاقوں میں کام کاج نہیں ہوا جبکہ بینکنگ، انشورنس، کانکنی ، بجلی، تعلیم، نقل و حمل اور صحت خدمات متاثر رہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملک بھر میں بینکنگ، انشورنس، کوئلہ اور دیگر کانکنی، پٹرولیم، ڈاک، ٹیلی کمیونکیشن، انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ، اسٹیل، ہیلتھ، سیکورٹی،
ایجوکیشن ، واٹر سپلائی، روڈ ٹرانسپورٹ، مرکز اور ریاستی حکومت کے ملازمین اور آٹو- ٹیکسی سے منسلک سیکٹروں میں ہڑتال کا اثر رہا ہے۔
دس مرکزی مزدور یونین کے اعلان پر منعقد دو روزہ ہڑتال کا آج پہلا دن ہے۔ اس ہڑتال میں آئی این ٹی یو سی ، اےآئی ٹی یو سی ، ایچ ایم سی ، سي آئی ٹي يو، اےآئی یو ٹی یوسی ، ٹي يوسي سي، ایس ای ڈبلیو اے، اےآ ئی سی سی ٹی یو ، ایل پی ایف اور يوٹي يوسي سے منسلک تنظیمیں شامل ہیں۔ مزدور تنظیموں نے آٹھ اور نو جنوری کو ملک بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔