حیدرآباد/22مئی(ایجنسی) تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راو (کے سی آر) کرناٹک کے نئے وزیراعلیٰ بننے جارہے ایچ ڈی کمار سوامی کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ کہا جارہا ہے کہ چندر شیکھر راو حلف برداری تقریب میں شریک ہونے کے بجائے ایک دن قبل جے ڈی ایس کے لیڈروں سے ملاقات کریں گے۔
چندر شیکھر راو کے دفتر سے کہا گیا ہے کہ کچھ اہم کام میں مصروف ہونے کے سبب چندر شیکھر کمارسوامی کی حلف برداری تقریب میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔ حالانکہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ حلف برداری تقریب میں
کانگریس لیڈروں کے ساتھ چندر شیکھر رائو اسٹیج شیئر نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ دراصل ان کی پارٹی تلنگانہ راشٹر سمیتی کانگریس کے خلاف ہی لڑ رہی ہے۔
آپ کوبتادیں کہ چندر شیکھر راو نے ہی 2019 کے لئے تھرڈ فرنٹ کا آئیڈیا دیا تھا، لیکن کرناٹک میں انتخابی نتائج کے بعد جے ڈی ایس نے جس طریقے سے کانگریس سے ہاتھ ملایا ہے، کے سی آر مشکل میں پھنس گئے ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ کرناٹک میں الیکشن کے دوران کمار سوامی اور کے سی آر کی ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعدکے سی آر نے تیلگو رائے دہندگان سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ جے ڈی ایس کو ووٹ دیں۔