نئی دہلی، 14 اگست (یو این آئي) اجودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے آغاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے جمعہ کے روز کہا کہ وطن کے باشندوں نے عدالتی فیصلے کو احترام کے ساتھ قبول کرکے عالمی برادری کے سامنے ایک مثال پیش کی ہے۔
74 ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اجودھیا میں رام جنم بھومی پر مندر کی تعمیر کا کام 10 دن پہلے شروع کیا گیا ہے اور اس سے ملک کے شہریوں نے فخر محسوس کیا ہے۔ ملک کے باشندوں نے ایک طویل عرصے تک صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا اور ہمیشہ ملک کے عدالتی نظام پر اعتماد برقرار رکھا۔
صدرجمہوریہ نے کہاکہ "رام جنم بھومی سے متعلق
عدالتی کیس بھی عدالتی عمل کے ذریعہ حل ہوا۔ تمام فریقوں اور باشندوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو پورے احترام کے ساتھ قبول کیا اور امن، عدم تشدد، محبت اور ہم آہنگی کے اپنے زندگی کے اقدار کو دنیا کے سامنے پیش کیا۔ اس کے لئے میں تمام باشندوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں"۔
انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان نے آزادی حاصل کی تھی، تو کچھ لوگوں کو خوف تھا کہ جمہوریت کا یہ تجربہ کامیاب نہیں ہوگا۔
مسٹر کووند نے کہا کہ "لیکن ہم نے ہمیشہ اپنی روایات اور رنگا رنگی کو اپنی طاقت کے طور پر فروغ دیا ہے اور اسی وجہ سے دنیا کی سب سے یہ بڑی جمہوریت آج زندہ ہے۔ ہندوستان کو انسانیت کی بہتری کیلئے قائدانہ کردار ادا کرتے رہنا ہے"۔