نئی دہلی ، 25 نومبر (یواین آئی) صدر رام ناتھ کووند، نائب صدر وینکیا نائیڈو، وزیراعظم نریندر مودی، مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور کانگریس صدر سونیا گاندھی سمیت مختلف مرکزی وزراء اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماوں نے سینئر کانگریس لیڈر و راجیہ سبھا رکن احمد پٹیل کے انتقال پر اظہاررنج وغم کیا ہے۔
اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر کووند نے کہا ،’’کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کے انتقال کے بارے میں جان کر بہت افسوس ہوا۔ مسٹر پٹیل نہ صرف اہل رکن پارلیمنٹ تھے، بلکہ ان میں بہترین سیاست داں کی صلاحیت اور عوامی رہنما کا جادو بھی تھا۔‘‘
انہوں نے آگے کہا،’’ اپنے دوستانہ جذبے کی وجہ سے پارٹی کے باہر بھی انہوں نے دوست بنائے تھے۔ پسماندگان اور دوستوں کو میری تعزیت۔‘
مسٹر نائیڈو ،’’راجیہ سبھا کے رکن مسٹر احمد پٹیل جی کے انتقال کی خبر پاکر صدمے میں ہوں۔سینئر رکن پارلیمنٹ مسٹر پٹیل اپنے پارلیمانی تجربے ،خوش اخلاقی اور اچھے تعلقات کےلئے جانے جاتے تھے۔ایشور ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار کنبے کو صبرعطاکرے۔‘‘
مسٹر مودی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے،’’احمد پٹیل جی کے انتقال سے دکھی ہوں۔ انہوں نے عوامی زندگی میں طویل وقت تک سماج کی خدمت کی ہے۔ اپنے تیز دماغ کےلئے جانے جانے والے مسٹر پٹیل کا کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنے میں تعاون ہمیشہ یاد کیا جائےگا۔‘‘انہوں نے کہا ان کے بیٹے فیصل سے بات کرکے اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔ ایشور سے دعا کی ہے کہ احمد بھائی کی روح کو سکون پہنچے۔
مسٹر شاہ نے کہا،’’کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل جی کے انتقال کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ احمد پٹیل کا کانگریس پارٹی اور عوامی زندگی میں بڑاتعاون
رہا۔ میں دکھ کی اس گھڑی میں اہل خانہ اور حامیان کے تئیں اظہارتعزیت کرتا ہوں۔ خدا مرحوم کو سکون عطاکرے۔
مسٹر برلا نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا،’’سینئر سیاست داں اور راجیہ سبھا رکن مسٹر احمد پٹیل کا انتقال تکلیف دہ ہے۔وہ سبھی سے اچھے تعلقات رکھنے والے شخص تھے اور سبھی پارٹیوں کے رہنماؤں سے خوش اسلوبی سے ملتے تھے۔‘‘
انہوں نے کہا،’’ان کے انتقال سے ہونے والے نقصان کی تلافی ناممکن ہے۔میری تعزیت سوگوار کنبے کے ساتھ ہیں۔
محترمہ گاندھی نےیہاں جاری تعزیتی پیغام میں کہا،’’ مسٹر احمد پٹیل کی شکل میں ،میں نے اپنا ایک ایسا ساتھی کھو دیا ہے جس کی زندگی کانگریس کے لیے وقف رہی ہے۔ ان کی ایمانداری ،قربانی اور کام کے تئیں جو عزم رہا ہے وہ انہیں دوسروں سے الگ رہنما کے طورپرپیش کرتا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا،’’ میں نے ایک ایسا پرعزم ساتھی اور دوست کھو دیا ہے جس کا متبادل ممکن نہیں ہے ۔ میں ان کے انتقال سے صدمے میں ہوں اور سوگوار کنبے کےتئیں تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔‘‘
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مسٹر پٹیل کے انتقال پر شدید رنج کا اظہارکرتے ہوئے کہا،’’یہ تکلیف کادن ہے۔ مسٹر احمد پٹیل کانگریس کے ستون تھے۔ انہوں نے کانگریس میں ہی سانس لی، کانگریس کے لیے جیے اور بحرانی دور میں پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ وہ پارٹی کے لیے ملکیت تھے۔ ہم ان کو ہمیشہ یاد کریں گے۔ پسماندگان کے لیے میری تعزیت۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے کہا،’’احمد جی انتہائی عقل مند اور تجربہ کارلیڈر تھے۔ میں ان سے ہمیشہ تبادلہ خیال کرتی اور ان سے مشورہ لیا کرتی تھی۔ وہ ہمارے سچے دوست تھے۔ ان کے انتقال سے کانگریس کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ خدا ان کی روح کو سکون عطاکرے۔