سری نگر،29 جون (یو این آئی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اونتی پورہ واقعے کو درد ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ لوگوں کو مارنا کسی مسئلے کا حل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں گھروں کے گھر خالی ہو رہے ہیں اور یہاں بھائی، بھائی کا دشمن بن گیا ہے
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار منگل کے روز ہاری پاریگام اونتی پورہ میں مہلوک ایس پی او فیاض احمد کے گھر تعزیت پرسی کے لئے حاضر ہونے کے بعد نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا ہے۔
انہوں نے کہا: 'ہاری پاریگام اونتی پورہ کا واقعہ ایک درد ناک واقعہ ہے
جس میں ایک گھر کے تین افراد شہید کئے گئے اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے'۔
موصوفہ کا کہنا تھا کہ بندوق کے بل بوتے پر کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا: 'بندوق کے بل بوتے پر کسی بھی مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا ہے، یہ غلط ہے، یہاں بھائی، بھائی کا دشمن ہو گیا ہے اور گھروں کے گھر خالی ہو گئے ہیں'۔
محبوبہ مفتی نے کہا کہ بے گناہوں کو مارنے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
انہوں نے حکومت سے مہلوک ایس پی او کے بیٹے جو ٹری ٹوریل آرمی میں کام کر رہا ہے، کو ایس آر او 43 کے تحت کسی سول محکمے میں نوکری دینے اپیل کی۔