ذرائع:
شاملی:اتر پردیش کے شاملی میں میونسپل کونسل میٹنگ میں ہنگامہ آرائی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میونسپل کونسل کے بعض ارکان نے میٹنگ کے دوران آپس میں لڑ پڑے۔ منظر عام پر آنے والی ویڈیو میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلنگ میچ بھی ان کی لڑائیوں کے مقابلے میں پھیکے نظر آتے ہیں۔ ارکان نے ایک دوسرے پر لاتیں اور گھونسے ماریں۔اجلاس میں موجود لوگوں نے خود کو دوسروں سے بچانے کے لئے وہاں موجود میزیں بھی اٹھا دیں۔ حد اس وقت ہو گئی جب ایک رکن نے کرسی پر چڑھ کر دوسرے رکن پر چھلانگ لگانے کی کوشش کی۔
یہ چونکا دینے والا واقعہ شاملی میونسپل کونسل کی بورڈ میٹنگ کے دوران پیش آیا۔ اس میٹنگ میں بلدیہ کے چیئرمین
اروند سنگھل اور رکن اسمبلی پرسنا چودھری بھی موجود تھے۔ یہاں تک کہ ان کے سامنے کارکن آپس میں لڑ پڑے۔ یہ پورا واقعہ ویڈیو میں قید کر لیا گیا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی اپوزیشن کو جوابی کارروائی کا موقع مل گیا۔ اتر پردیش کے سابق چیف منسٹراکھلیش یادو نے ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے بی جے پی پر سیدھا حملہ کیا۔
سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ واقعہ نہ صرف مقامی حکومت کی حالت پر سوال اٹھاتا ہے بلکہ حکمراں بی جے پی کے اندر کشیدگی اور دراڑ کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا تو جائزہ میٹنگ میں اور کیا ہو سکتا تھا، اسی لئے شاملی میں کونسلروں کے درمیان لڑائی ہوئی۔