ذرائع:
کوزی کوڑ: کیرلا کے چیف منسٹر پنرائی وجین نے ایک بار پھر فلسطین کے ساتھ تائیدکا اظہار کیا ہے، اور یہ بھی کہا ہے کہ ہندوستان اسرائیل کے ساتھ فوجی اور دفاعی معاہدے بند کرے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو اس کے مبینہ اسرائیل نواز موقف کے لئے تنقید کی۔ کیرلا کے چیف منسٹر اور سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر پنرائی وجین نے کہا کہ بائیں بازو کی جماعتیں صحیح اور غلط کی لڑائی کے دوران غیر جانبدار نہیں رہیں گی اور فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہوں گی۔
چیف منسٹر
پنرائی وجین نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے انسانیت کے خلاف موقف اختیار کیا ہے اور مرکزی حکومت ہندوستانی عوام کے جذبات کی عکاسی نہیں کرتی ہے۔ اس کا لوگوں پر برا اثر پڑتا ہے۔
اسرائیلی حکومت اور بی جے پی پر تنقیدکرتے ہوئے،وجین نے کہا کہ دونوں ہٹلر کی طرح 'نسلی تعصب سے متاثر' ہیں۔ 7 اکتوبر کو حماس کے اچانک حملے کے بعد اسرائیل میں تقریباً 1400 افراد مارے گئے۔ اس کے بعد اسرائیل کے جوابی حملوں میں غزہ میں 11 ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں جن میں زیادہ تر فلسطینی شہری ہیں۔