نئی دہلی، 13فروری (یو این آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے دارالحکومت کے عوام سے اتوار کو ان کے وزیراعلی کے عہدہ کی حلف برداری تقریب میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں رام لیلا میدان پہنچنے کی دعوت دی ہے مسٹر کیجریوال کو کل یہاں نومنتخب اراکین اسمبلی کی میٹنگ میں لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔
دہلی اسمبلی کی 70سیٹوں کے لئے 11فروری کو آئے نتائج میں مسٹر کیجریوال کی عام
آدمی پارٹی نے ایک بار پھر تاریخی جیت حاصل کی ہے۔ پارٹی نے 62 سیٹیں جیتی ہیں جبکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کو آٹھ سیٹوں پراکتفا کرنا پڑا۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کی طرح اس بار بھی کانگریس کا کھاتہ بھی نہیں کھل سکا۔
مسٹرکیجریوال نے جمعرات کو ٹوئٹ کرکے کہاکہ دہلی کے لوگوں، آ پ کا بیٹا تیسری بار دہلی کے وزیراعلی کا حلف لے رہا ہے۔ اپنے بیٹے کو آشیرواد دینے ضرور آنا ہے۔ اتوار کی صبح دس بجے رام لیلا میدان۔