ذرائع:
نئی دہلی:دہلی کے چیف منسٹراروند کیجریوال آج ورچول طریقے سے عدالت میں اس بات کا جواب دینے کے لئے حاضر ہوئے کہ انہوں نے دہلی شراب پالیسی معاملے میں ای ڈی کے جاری کردہ پانچ سمن کا جواب کیوں نہیں دیا۔ عدالت نے انہیں 16 مارچ کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔واضح رہےکہ اروند کیجریوال نے ذاٹی طور پیشی میں حاضر ہونےسے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔ ان کے وکیل نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پیش ہونے کی اجازت مانگی تھی۔ کیجریوال کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ آج بجٹ سیشن ہے، اعتماد کی تحریک بھی ایوان میں پیش کرنی ہے، اس کے لئے انہیں اجلاس میں
شرکت کرنا ہوگا۔ اپنے وکیل کے ذریعے چیف منسٹر کیجریوال نے کہاکہ میں آج آنا چاہتا تھا، لیکن اچانک تحریک عدم اعتماد کا انعقاد عمل میں آیا اور بجٹ سیشن بھی چل رہا ہے۔ کیس کی اگلی سماعت 16 مارچ کو روز ایونیو کورٹ میں ہوگی۔ اب کیجریوال کو 16 مارچ کو ذاتی طور پر پیش ہونا پڑے گا۔
واضح رہے کہ دہلی شراب پالیسی گھوٹالہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے اب تک اروند کیجریوال کو پوچھ تاچھ کے لئے پانچ سمن بھیجے ہیں، لیکن وہ ایک بار بھی ای ڈی کے دفتر نہیں پہنچے ہیں۔ اب ای ڈی نے انہیں چھٹا سمن بھیجا ہے۔اس کا جواب دینے کے لئے آج کیجریوال دہلی کی ایک عدالت میں ورچول طریقے سے پیش ہوئے۔