نئی دہلی۔ عام آدمی پارٹی ( اے اے پی) کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ( ڈی ڈی سی اے) سے متعلق معاملے میں مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے آج معافی مانگ لی۔ ان کے علاوہ عام آدمی پارٹی کے تین دیگر رہنماؤں آشوتوش، راگھو چڈھا اور سنجے سنگھ نے بھی ارون جیٹلی سے معافی مانگی ہے۔
کیجریوال نے جیٹلی پر الزام لگایا تھا کہ ان کے ڈي ڈی سی اے کا چیئرمین رہتے ہوئے کئی بے ضابطگیاں ہوئی تھیں۔ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی جیٹلی پر اسی طرح کے الزامات لگائے تھے۔ اس پر جیٹلی نے ان سب کے خلاف کورٹ میں دس کروڑ روپے کا ہتک عزت کا مقدمہ درج کرایا تھا۔
style="text-align: right;"> جیٹلی کو کل بھیجے گئے ایک خط میں کیجریوال نے کہا ہے کہ انہوں نے ان کو فراہم کردہ کچھ کاغذات کی بنیاد پر الزام لگایا تھا، لیکن اب ان کی تحقیقات سے انہیں پتہ لگا ہے کہ یہ الزامات غلط تھے۔
انہوں نے لکھا کہ اس کو دیکھتے ہوئے وہ ان سے معافی مانگتے ہیں۔ سنجے سنگھ، آشوتوش اور چڈھا نے بھی اسی طرح خط لکھ کر جیٹلی سے معافی مانگی ہے۔
کیجریوال اس سے پہلے بھی ہتک عزت کے کئی دیگر معاملات میں پنجاب کے سابق وزیر اور اکالی دل کے لیڈر وکرم سنگھ مجیٹھیا، مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈكری اور کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر کپّل سبل کے بیٹے امت سبل سے بھی معافی مانگ چکے ہیں۔