حیدرآباد۔27ستمبر(ایجنسی) مرکزی وزیرپارچہ جات سمرتی ایرانی نے الزام لگایا ہے کہ تلنگانہ کے کارگزار وزیراعلی چندرشیکھرراو نے اپنے خاندان کے لئے جلد اسمبلی انتخابات کا فیصلہ کیا حالانکہ عوام نے انہیں پانچ برسوں کے لئے خط اعتماد دیاتھا۔ ضلع میدک کے چیگنٹہ میں بی جے پی کی "مہیلاسمبھرم سبھا" سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے ریاستی کابینہ میں جگہ نہ دیتے ہوئے خواتین کی بے عزتی کی ۔ اس کے برعکس
نریندر مودی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے بیشتر اسکیمات شروع کئے ۔
ایرانی نے 17ستمبر کو یوم آزادی حیدرآباد کی تقریب سرکاری طور پر نہ منانے پر بھی اعتراض کیا۔ مرکز کی جانب سے شروع کردہ بیشتر فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 80لاکھ بیڑی کے مزدوروں کو شناختی کارڈس فراہم کئے گئے ہیں اور دستکاروں کے مفاد میں خصوصی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔