سری نگر ، 14 مئی (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں مسلسل چار دنوں تک معطل رہنے والی ریل خدمات پیر کی صبح بحال کی گئیں۔ یہ خدمات 9 مئی کو جنوبی کشمیر میں احتجاجیوں کی جانب سے ریل پٹریوں اور سگنل سسٹم کو نقصان پہنچائے جانے کے بعد معطل کی گئی تھیں۔
ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ ریل خدمات کو بحال کیا گیا ہے اور تمام ریل گاڑیاں اپنے معمول کے مطابق چلیں گی۔ انہوں نے بتایا ’پٹریوں اور سگنل سسٹم کی مرمت کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔ آج (پیر کے روز) سے تمام ٹرینیں اپنے معمول کے مطابق چلیں گی‘۔ بتادیں وادی میں
روزانہ کی بنیاد پر ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو گذشتہ چار دنوں کے دوران خدمات کی معطلی کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کشمیر میں ملک کے دوسرے حصوں کا سفر کرنے والے بیشتر لوگ جموں کے بانہال تک کا سفر ریل گاڑیوں کے ذریعے کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع میں تعینات سرکاری اور نجی اداروں کے ملازم بھی اپنی کام کی جگہوں پر پہنچنے کے لئے ریل گاڑیوں کا استعمال کرتے ہیں۔ ریل گاڑیوں کو کشمیر میں آمدورفت کا سستا ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
جاری۔یو این آئی۔ ظ ح بٹ ۔ ظ ا۔ این یو۔