چک منگلور/9مئی(ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس صدر راہل گاندھی پر اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈروں کی توہین کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج انہیں ناپختہ اور متکبر قرار دیا اور کہا کہ انہیں صرف وزیراعظم کی کرسی نظر آرہی ہے۔
مسٹر مودی نے کرناٹک کے چک منگلور اور کولا میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا" مسٹر گاندھی کو اب وزیر اعظم کی کرسی کے علاوہ کچھ نہیں دکھائی دے رہا ہے ۔ انہیں آتے جاتے، کھاتے سوتے، اٹھتے بیٹھتے صرف وزیر اعظم کی کرسی کا خواب ہی نظر آرہا ہے ۔ ان کو لگتا ہے کہ وزیر اعظم کی کرسی صرف ایک ہی خاندان تک ریزرو ہے ۔اس کرسی کو پانا ان کا پیدائشی حق ہے۔"
انہوں نے کہا کہ کانگریس مسلسل الیکشن ہار رہی ہے ۔ پچھلے عام انتخابات میں اسے
بمشکل 44 سیٹیں ملی ہیں۔ کانگریس کے ہاتھوں سے ریاستوں کی حکومتیں مسلسل چھن رہی ہیں لیکن اس ناپختہ ذہن "نامدار" کو لگتا ہے کہ 2019میں وہ وزیر اعظم بن جائیں گے۔یہ ان کا تکبر ہے۔ کانگریس پارٹی کا یہ نامدار اپنی ہی پارٹی کے سینئر لیڈروں کا احترام نہیں کرتے ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں اعلی ترین عہدہ سنبھالنے کے بعد نئے کلچر کا آغاز کیا ہے ۔ یہ نیا کلچر ہے بار بار جھوٹ بولو، زور زور سے جھوٹ بولو ، ہر جگہ جھوٹ بولو،جتنا ہوسکتا ہے اتنی مرتبہ جھوٹ بولو۔"
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس فطرتاً غیر جمہوری ہے ۔اس پارٹی کے کردار میں ہی جمہوریت نہیں ہے۔ کانگریس جمہوریت کو تسلیم کرنے کے بجائے ووٹنگ مشینوں پر ہی سوال اٹھارہی ہے۔ جس الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری کی پوری دنیا تعریف کررہی ہے اسی پر کانگریس سوال اٹھارہی ہے۔ یکے بعد دیگر الیکشن ہارنے والی کانگریس الیکشن کمیشن کو بدنام کررہی ہے۔