حیدرآباد، 4 اپریل (ذرائع) کرناٹک انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد سے تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ کرناٹک میں اس بار اسد الدین اویسی کی پارٹی اے آئی ایم آئی ایم بھی بڑے پیمانے پر الیکشن لڑنے کی تیاری کر رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پارٹی نے بھی اس اسمبلی انتخابات میں تقریباً 25 سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرنے کا ذہن بنا لیا ہے۔ پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر عثمان غنی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ان کی پارٹی جنتا دل (سیکولر) کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنے پر بھی
غور کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک کچھ طے نہیں ہوا ہے۔
دوسری طرف اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ اب تک ہم نے تین امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ ہم انتخابی اتحاد کے لیے تیار ہیں۔ ہم الیکشن ضرور لڑیں گے۔ ہمارا اتحاد ہوگا یا نہیں، ہمیں انتظار کرنا ہوگا۔ اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر غنی نے کہا کہ پارٹی سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا کی قیادت والی جے ڈی (ایس) سے انتخابی اتحاد کے لیے بات چیت کر رہی ہے، لیکن اب تک جے ڈی (ایس) نے اس سلسلے میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ریاست میں تقریباً 25 سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔