ذرائع:
بنگلورو:کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا نے جمعہ کو اسمبلی میں اپنا 15واں بجٹ پیش کیا۔ اس دوران انہوں نے اعلان کیا کہ کانگریس کی پانچ انتخابی ضمانتوں کو پورا کرنے کے لئے سالانہ 52ہزار کروڑ روپئے سے زیادہ خرچ کئے جائیں گے۔ اس موقع پرانہوں نے اپنی حکومت کی گارنٹی اسکیم کا پرزور دفاع کیا اور کہا کہ یہ کوئی انتخابی ہتھکنڈہ نہیں ہے بلکہ بھارت جوڑو یاترا کے دوران دی گئی تجاویز پر مبنی ہے۔
اس علاوہ چیف منسٹر نےعوام مخالف پالیسیوں کے لئے مرکزی حکومت پر تنقید کی۔چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت آئین میں درج انصاف، مساوات اور بھائی چارے کے اصولوں پر مبنی ترقی کے کرناٹک ماڈل کی ایک نئی مثال قائم کرنے کی طرف آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مرکز میں یونائیٹڈ
پروگریسو الائنس حکومت کے دور میں فوڈ سیکورٹی، صحت کی دیکھ بھال، تعلیم، روزگار فراہم کرنے کے لئے عوام پر مبنی اسکیمیں اور قوانین بنائے گئے تھے۔
سدارامیا نے کہاکہ گزشتہ 10 سالوں میں مرکزی حکومت کے عوام مخالف فیصلوں نے عدم مساوات، چند لوگوں کے ہاتھ میں سرمایہ اور کیپٹلزم میں اضافہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پانچ گارنٹی اسکیموں کے ذریعے حکومت25-2024کے دوران کروڑوں لوگوں کو 52,000 کروڑ روپئے دے رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گارنٹی اسکیموں کے ذریعے ہر خاندان کو اوسطاً 50,000 سے 55,000 روپئے ہر سال منتقل کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گارنٹی اسکیموں کے نفاذ کو پوری دنیا نے سراہا ہے۔
چیف منسٹر نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ منفی تشہیر کرکے ان کی انتظامیہ کے حوصلے پست کرنے کی تمام کوششیں کررہے ہیں۔