کابل/15اگست(ایجنسی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بدھ کو ایک تعلیمی مرکز کے باہر خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق حملہ آور بمبار نے کابل کے مغرب میں واقع شیعہ آبادی والے علاقے میں خود کو دھماکے سے اڑایا ہے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے اس خودکش حملے کی ذمے داری
قبول نہیں کی ہے۔البتہ اسی علاقے میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ماضی میں بعض حملوں کی ذمے داری قبول کی تھی۔
دریں اثنا ء طالبان مزاحمت کاروں نے ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں انھوں نے اس بم دھماکے سے لاتعلقی ظاہر کی ہے۔واضح رہے کہ طالبان نے حالیہ ہفتوں کے دوران میں افغان فوج اور سرکاری اداروں کے خلاف حملے تیز کررکھے ہیں۔