جموں /30اپریل(ایجنسی) جموں وکشمیر میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی وزارتی کونسل میں پیرکے روز بڑے پیمانے میں تبدیلیاں لائی گئیں۔ ریاستی اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا سمیت آٹھ اراکین نے وزارتی کونسل میں نئی بھرتی کے لئے یہاں منعقدہ حلف برداری تقریب میں عہدہ اور رازداری کا حلف اٹھایا۔کویندر گپتا ریاست کے نئے نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی طرف سے پانچ نئے چہروں کو وزارتی کونسل میں شامل کیا گیا جبکہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی طرف سے ایک نئے چہرے کو شامل
کیا گیا۔پی ڈی پی کی طرف سے ایک سابق وزیر مملکت کی وزارتی کونسل میں واپسی کردی گئی۔ یہ تین سالہ قدیم پی ڈی پی ، بی جے پی مخلوط حکومت کی کابینہ میں اب تک کا سب سے بڑا پھیر بدل ہے۔
وزارتی کونسل میں شامل کئے جانے والے وزراء کو یہاں کنونشن سنٹر میں ریاستی گورنر نریندر ناتھ ووہرا نے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب میں ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو ، وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ، پی ڈی پی وزراء اور بی جے پی لیڈران نے شرکت کی۔