سری نگر ، 19 اکتوبر (ایجنسی) فوج نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اوڑی سیکٹر میں دراندازی کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بنانے اور اس میں تین بھاری مسلح جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
دفاعی ترجمان کے مطابق مارے گئے جنگجو ظاہری طور پر غیرملکی نظر آتے ہیں اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ فوج کی چنار کور نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا "آپریشن بارہمولہ۔ تین جنگجوؤں
کو ہلاک کیا گیا۔ 4 اے کے 47 رائفلیں اور چار بستے برآمد کئے گئے ہیں۔ آپریشن جاری ہے"۔
دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا کہ بارہمولہ میں ایل او سی کے رام پور سیکٹر میں تعینات فوجیوں نے جنگجوؤں کے ایک گروپ کو روکا جس نے حال ہی میں سرحد کے اس پار دراندازی کی تھی۔ انہوں نے بتایا "جنگجوؤں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی، لیکن انہوں نے خودسپردگی اختیار کرنے کے بجائے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔ جوابی فائرنگ میں تین جنگجو مارے گئے"۔