جموں، یکم جولائی (ایجنسی) جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں پیر کی صبح ایک مسافر بس کے ایک گہرے نالے میں گرنے سے کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ دیگر 17 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں سے 15 کو ائرلفٹ کرکے گورنمنٹ میڈیکل کالج وہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔
ضلع مجسٹریٹ کشتواڑ انگریز سنگھ رانا کا کہنا ہے کہ یہ ہلاکت خیز سڑک حادثہ ظاہری طور پر ڈرائیور کی غفلت شعاری کی وجہ سے پیش آیا ہے کیونکہ جہاں پر گاڑی نالے میں گری ہے وہاں سڑک خراب ہے نہ کوئی موڑ
ہے۔
ریاستی گورنر ستیہ پال ملک نے حادثے پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس پانچ لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع کشتواڑ میں کیشون سے ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ جارہی ایک منی بس زیر نمبر JK 17 – 6787 سرگواری کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر ایک گہرے نالے میں جاگری جس کے نتیجے میں کم از کم 35 افراد ہلاک جبکہ دیگر 17 زخمی ہوئے۔