سرینگر/3جولائی(ایجنسی) نیشنل کانفرنس نے سابقہ بی جے پی پی ڈی پی مخلوط حکومت کو "نا اہل حکومت" قرار دیتے الزام لگایا کہ اس حکومت کا خمیازہ عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔
نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈ کوارٹر پر پارٹی لیڈران اور عہدیداران کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کہا "ساڑے3سال کی مخلوط حکومت کے دوران بی جے پی نے
جہاں ایک فرقہ پرست جماعت ہونے کا برملا ثبوت پیش کیا وہیں پی ڈی پی کے خودساختہ لیڈران کی موقعہ پرستی اور مفاد پرستی عوام کے سامنے بے نقاب ہوگئی، قلم دوات جماعت والوں نے موقعہ کو غنیمت سمجھ کر کورپشن، اقربا پروری، چور دروازے سے بھرتیوں، لوٹ کھسوٹ اور رشوت ستانی کا بازار گرم رکھا"۔
اس موقعے پر سینئر لیڈران مبارک گل، محمد سعید آخون، پیر آفاق احمد ، ایڈوکیٹ شوکت احمد میر، غلام نبی بٹ ، جگدیش سنگھ آزاد اور محمد امین راتھر بھی موجود تھے۔