وجئے واڑہ30مئی(ایجنسی)وائی ایس آرکانگریس جس نے حالیہ انتخابات میں اے پی میں شاندار کامیابی حاصل کی کے لئے آج دوہری خوشی رہی کیونکہ اس پارٹی کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی کی طویل جدوجہد ثمر آور ثابت ہوئی اور آج جگن موہن ریڈی نے اے پی کے وزیراعلی کے طورپر حلف لے لیا۔
وجئے واڑہ کے اندراگاندھی میونسپل اسٹیڈیم میں سادہ مگر پُر اثر تقریب میں دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے مشترکہ گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے ان کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔اس تقریب میں تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کے علاوہ ڈی ایم کے پارٹی کے صدر اسٹالن
نے بھی شرکت کی۔گورنر کا اے پی کے نومنتخب وزیراعلی نے استقبال کیا۔
اس موقع پر جگن کی پارٹی کے کارکنوں اور ان کے حامیوں جن کی تعداد تقریبا 40 تھی، موجود تھے۔جگن کی والدہ وجئے اماں، جگن کی بہن شرمیلا، جگن کی اہلیہ بھارتی بھی تقریب میں موجود تھے۔
گورنر نے ٹھیک 12.24منٹ پر جگن کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔وہ متحدہ اے پی کی تقسیم کے بعد موجودہ اے پی کے دوسرے وزیراعلی بن گئے ہیں۔وائی ایس آرکانگریس نے ریاست کی 175اسمبلی نشستوں کے منجملہ 151اور25لوک سبھا نشستوں میں سے 22پر شاندار کامیابی حاصل کی اور اپنی کٹر حریف جماعت تلگودیشم کو شکست سے دوچار کیا۔