بھوپال 6 نومبر (یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ دگ وجے سنگھ نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک اور دورحکومت ملنے پراگر آئین میں تبدیلی کرتے ہیں تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی۔
سابق وزیر اعلیٰ مسٹر سنگھ نے آج ٹویٹ کے ذریعے مسٹر مودی اور 'بی جے پی-سنگھ' پر پھر حملہ بولا ہے۔ مسٹرسنگھ نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کے تبصرے کے تناظر میں لکھا ہے، 'یشونت سنہا جی، یہ تو صرف شروعات ہے۔ پہلی جنگ عظیم میں ہٹلر "کارپورل" (فوج میں جونیئر افسر)
تھا اور بعد میں اس نے خود کو جرمن فوج کا کمانڈر ان چیف قرار دیاتھا۔ اگر مودی جی پارلیمنٹ میں ایک اور مدت ملنے پر آئین میں تبدیلی کرکے خود کو قوم کا مستقل سربراہ قراردے دیں تو مجھے تعجب نہیں ہوگا۔
درحقیقت دیوالی کاتہوار فوج کے درمیان منانے کے دوران فوج کی وردی جیسے لباس پہننے کے معاملے پر مسٹرسنگھ اور بعض سیاستدان ان کوایک دوروزسے نشانے پر لے رہے ہیں۔ مسٹر دگوجے سنگھ نے کل بھی اس تعلق سے ٹویٹ کے ذریعہ سوال اٹھاتے ہوئے کہاتھا کہ کیا کوئی شہری فوج کی وردی پہن سکتا ہے۔